روس اور شمالی کوریا کے درمیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ طے پاگیا
روس اور شمالی کوریا نے جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 24 سال کے طویل عرصے بعد شمالی کوریا کے پہلے دورے پر پیونگ یانگ پہنچے جہاں بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیا ن جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ طے پایا۔
روس اور شمالی کوریا کے درمیان ہوئے معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر بیرونی جارحیت کی صورت میں دونوں ممالک باہمی تعاون کریں گے جبکہ فوجی تکنیکی تعاون بھی شامل ہوگا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے صدر اور اسٹیٹ کونسل کے چیئرمین کم جانگ اُن کو روسی ساختہ گاڑی کا بھی تحفہ دیا۔
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ کریملین کی جانب سے روسی صدر کے دورے کو ’دوستانہ‘ دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر پیوٹن نے اپنی صدارت کے شروعاتی دور میں 2000 میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا جب کم جونگ اُن کے والد کم جونگ اِل شمالی کوریا کے سربراہ تھے۔