چین کا تاریخی مشن چاند کے پراسرار تاریک حصے پر اترنے میں کامیاب
چین کا خلائی مشن چینگ ای 6 کامیابی سے چاند کے پراسرار تاریک حصے پر لینڈ کر گیا ہے۔
خیال رہے کہ چاند کے اس حصے کو تاریک اس لیے نہیں کہا جاتا کہ وہاں روشنی نہیں، بلکہ اس کے بارے میں تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے اسے تاریک یا خفیہ کہا جاتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق چینگ ای 6 کامیابی سے چاند پر اتر گیا ہے جہاں سے وہ نمونے اکٹھے کرکے زمین پر واپس بھیجے گا۔
اس مشن کے لینڈر نے چاند کے قطب جنوبی کے شمال مشرقی خطے میں واقع Pole-Aitken Basin پر لینڈ کیا۔
یہ چاند کا وہ خطہ ہے جس کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں اور وہاں سے یہ نمونے اکٹھے کرے گا۔
48 گھنٹوں میں لینڈر چاند کی سطح سے چٹانوں اور دیگر نمونوں کو روبوٹیک ہاتھ کے ذریعے اکٹھے کرے گا۔
نمونے اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ یہ مشن دیگر تجربات بھی کرے گا۔
نمونے اکٹھے کرنے کے بعد لینڈر چاند کی سطح سے پرواز کرکے چاند کے مدار پر موجود آربٹر سے جڑ جائے گا۔
اس کے بعد چینگ ای مشن کا زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع ہوگا اور 5 دن کے بعد کیپسول زمین کے ماحول میں داخل ہوکر شمالی چین پر لینڈ کرے گا۔
خیال رہے کہ 3 مئی کو چینگ ای مشن چاند کی جانب روانہ ہوا تھا اور اس کا مشن مجموعی طور پر 53 دن میں زمین پر واپسی کے بعد ختم ہوگا۔
چینگ ای 6 مشن 2 کلوگرام کے وزن کے نمونے اکٹھے کرے گا اور اگر یہ مشن کامیاب ہوتا ہے تو یہ بہت بڑی پیشرفت ہوگی۔
یہ پہلی بار ہوگا جب چاند کے تاریک حصے سے نمونوں کو زمین پر لایا جائے گا، اس سے پہلے امریکا، سوویت یونین اور چین کے ایسے مشنز کے دوران چاند کی قریبی سطح سے نمونوں اکٹھے کیے گئے تھے۔
چینگ ای 6 کے بعد چین کی جانب سے چینگ ای 7 روبوٹیک مشن کو چاند کے قطب جنوبی میں بھیجا جائے گا۔
یہ مشن وہاں برف کے آثار دریافت کرے گا جبکہ خطے کے ماحول اور موسم کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔
چینگ ای 8 مشن سے چینگ ای مشنز کا اختتام ہوگا جو وہاں ممکنہ طور پر ریسرچ اسٹیشن کے قیام کے لیے بھیجا جائے گا۔
چین 2030 میں انسانوں کو چاند پر اتارنے کا خواہشمند ہے جبکہ وہاں ایک بیس بھی قائم کرنا چاہتا ہے۔