نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کل ہوگی
نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کل سپریم کورٹ میں ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجربینچ سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بھی لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔
گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک پر سماعت میں پیش ہوئے تھے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیولنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کی ہےجبکہ عمران خان نے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی درخواست دائر کی ہے۔
ادھر خیبر پختو نخوا حکومت نے سماعت لائیو دکھانے کیلئے درخواست دائرکی۔ جس کے بعد پختونخواحکومت کی عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کیلئے درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا گیا۔
رجسٹرار آفس نے کے پی حکومت کی لائیواسٹریمنگ کی درخواست پر اس سے پہلے اعتراض لگایا تھا۔
رجسٹرارآفس نے کے پی حکومت کی درخواست کے ساتھ وکالت نامہ نہ لگانے کا اعتراض لگایا تھا۔
تاہم اب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی سید کوثرعلی شاہ نے درخواست کے ساتھ وکالت نامہ لگا دیاد جس کے بعد رجسٹرار آفس نے اعتراض دور کرکے نمبر الاٹ کردیا۔