پاکستان میں گرمی کی لہر کیوں ہے؟ محکمہ موسمیات نے وجہ بتادی
کراچی: محکمہ موسمیات نے پاکستان میں جاری گرمی کی لہر کی وجوہات بتادیں۔
محکمہ موسمیات نےکراچی میں رواں ہفتے گرمی بڑھنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
پاکستان میں گرمی کی لہر شدید کیوں؟
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پاکستان میں موجود گرمی کی لہر موسمیاتی اور ماحولیاتی عوامل کے ملاپ کی وجہ سے ہے، آنے والے دنوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی کیفیت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضا میں موجود ہوا کا زیادہ دباؤ اور محدود بادلوں کی موجودگی ہیٹ ویو کا باعث بنتی ہے۔
گزشتہ روز ملک بھر میں سب سے زیادہ گرمی کہاں پڑی؟
ملک بھر میں جھلسا دینے والی گرمی نے ایک اور ریکارڈ توڑ دیا، اتوار کو موہن جو دڑو 53 ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہررہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد میں 52 ، دادو 51 ، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن، سکھر، سبی، روہڑی 50، رحیم یار خان، بھکر، ڈی جی خان، کوٹ ادو، شہید بینظیر آباد 49، ملتان، ڈی آئی خان، تربت 48 ، سکرنڈ، بہالپور ، بہاولنگر، جھنگ، لیہ، قصوراور نور پور تھل میں 47ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیاہے۔
اس کے علاوہ لاہور، حیدر آباد میں 44، پشاور 43، اسلام آباد، مظفر آباد 41، کراچی،گلگت میں 36 اور کوئٹہ میں 35ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیاہے۔