نیتن یاہو رفح پر بمباری کرکے جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں: اردن
اردن کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم رفح پر بمباری کرکے جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر نیتن یاہو حقیقی طور پر کوئی ڈیل چاہتے ہیں تو وہ اس پیشکش پر سنجیدگی سے بات چیت کریں۔
دوسری جانب اسرائیلی شہر تل ابیب میں اسرائیلی شہریوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے تل ابیب ہائی وے بند کردی اور اسرائیلی حکومت سے جنگ بندی ڈیل قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔
ادھر حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مصری اور قطری تجاویز میں اسرائیلی حملوں کارکنان اور قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے، تجاویز میں بےگھر فلسطینیوں کی بلارکاوٹ واپسی بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں امریکا کا کہنا ہےکہ جنگ بندی قابل حصول ہے، حماس کے جواب پر امریکی صدر جوبائیڈن کو بریفنگ دے دی گئی ہے، صدر بائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم کی فون پر 30 منٹ کی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
دوسری جانب 7 ماہ سے اسرائیلی بربریت کا سامنا کرنے والے فلسطینی شہری ممکنہ جنگ بندی کی خبر پر سڑکوں پر نکل آئے، رفح میں جذباتی مناظر دیکھے گئے جب کہ پناہ گاہوں میں موجود بے گھر فلسطینیوں نے امن کے لیے جشن منایا۔