مغربی ہوائیں بلوچستان پر اثرانداز، کراچی میں آج سے 19 اپریل تک ہلکی تیز بارش کا امکان
موسمیاتی ماہرین نے طاقتور مغربی سسٹم کے تحت کراچی میں آج تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق خلیجی ریاستوں کے بعد طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے اور یہ سسٹم مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ آج شام سے سسٹم کے اثرات کراچی اور سندھ پر ظاہر ہونا شروع ہوں گے تاہم سسٹم کی شدت خلیجی ریاستوں والی نہیں رہے گی۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہےکہ آج شام سے کل دوپہر کے درمیان سندھ کی ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوبی اور مشرقی سندھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سسٹم سے کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے تاہم کراچی میں خلیجی ریاستوں جیسی طوفانی بارش کا امکان نہیں، یہاں 15 سے 40 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق بحیرہ عرب میں سطح سمندر کا درجہ حرارت زائد ہے جس کے باعث سسٹم کو نمی کی صورت میں بحیرۂ عرب سے مدد حاصل رہے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہورہا ہے جس کے زیر اثر جامشورو، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میرپور خاص، عمر کوٹ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر اورگھوٹکی کے اضلاع میں ہلکی سے درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں آج سے 19 اپریل کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔