ورلڈ بینک اوربلوم برگ کی رپورٹس میں پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونے کی تصدیق
ورلڈ بینک اوربلوم برگ کی رپورٹس میں پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ شرح نمو میں اضافے اور معیشت نے ترقی دکھانا شروع کردی ہے، آئندہ مالی سال میں شرح نمو میں دگنا اور بتدریج اضافہ ہوگا جب کہ اگلے مالی سال مہنگائی میں 11 فیصد کمی متوقع ہے۔
بلوم برگ کے مطابق آئی ایم ایف کے نئے بیل آؤٹ پروگرام سے معاشی شرح نمو میں مزید تیزی اور استحکام آئےگا، گزشتہ 22 ماہ میں مہنگائی کی شرح پہلی بارسب سے کم 20.7 فیصد پر آگئی ہے اور 2 سال بعد مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال میں پاکستان کو 24 ارب ڈالرکی بیرونی مالی مدد درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 16ماہ کی حکومت میں ملک کو معاشی ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے تھے اور مخلوط حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام بحال کیا جب کہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔