چیف جسٹس پاکستان کے عہدےکی مدت کا تعین کرنےکی کوئی تجویز زیر غور نہیں: وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے حکومت کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے سے متعلق خبروں کی تردیدکرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایک نیوز چینل سےگفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس فی الحال ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں، نہ ایسی کوئی دستاویز دیکھنے میں آئی، نہ ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بعض ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر بےبنیاد مہم چلائی جارہی ہے، کسی بھی سطح پر چیف جسٹس کے عہدےکی میعاد پر بات نہیں ہوئی ، خبر غلط ہے، حکومت ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
خیال رہےکہ موجودہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر 2025 کو 65 سال عمر ہونے پر ریٹائر ہوجائیں گے کیونکہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کے جج کے لیے عمر کی حد 65 سال ہے۔
سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ حکومت چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کی مدت کا تعین کرنےکا ارادہ رکھتی ہے۔
تاہم اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے واضح طور پر تردید کردی ہے۔