وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کئی زرعی پروجیکٹس کی منظوری دیدی
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کئی زرعی پروجیکٹس کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں متعدد زرعی پروجیکٹس کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا ہائی ٹیک زرعی مشینری پر 30 سے 37 فیصد ٹیکس اور ڈیوٹی ہے، رائس سٹرا شیڈر مشین پر ٹیکس ختم کرانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائےگا، 3 ماہ میں 2 ارب کی لاگت سے زرعی مشینری خریدی جائے گی، مشینری کاشت کاروں کو سبسڈی پر دی جائے گی، 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو 2 سال میں سولر سسٹم مہیا کیے جائیں گے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مینوئل بوائی کی وجہ سے 12 فیصد گندم کی پیداوار اور 18 فیصد چاول کی پیداوار کم ہوتی ہے جب کہ پاکستان کو 29 ملین ٹن گندم کی ضرورت ہے، 26 ملین ٹن پنجاب پیدا کرتا ہے، پاکستان میں مختلف فصلوں کی کاشت کیلئے سالانہ 1.75 ملین ٹن سیڈ کی ضرورت ہے ، پاکستان میں سالانہ 50 ارب کا سیڈرآمد کیا جاتا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے آئندہ 5 سالوں میں تمام کھالوں کو پختہ کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی 2 سال میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 1200 واٹر کورس پختہ کرنے اور سولر ٹیوب ویل پروجیکٹ کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں کاشت کاروں کو 60 فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے کے تحت کاشت کاروں کو 1000 لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران بیج کی پیداوار4 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹن تک کرنے کے منصوبے اور فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے تعاون سے سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ پر کاشت کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم کرانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔