ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، شیڈول کا اعلان کردیا گیا
ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کیلئے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔
آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ 25-2022 کیلئے تین ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ویمن ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کی رینکنگ میں 18 میچز میں 16 پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔
ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ ہم ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے۔
تانیہ ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواتین ٹیم کیلئے آئی سی سی ویمن ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے آخر میں آئی سی سی خواتین کا T20 ورلڈ کپ بھی ہو رہا ہے، اس ایونٹ اور مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ اچھی کارکردگی کی روشنی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز سے سلیکٹرز کو میگا ایونٹ کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان تمام ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ 25-2022 کیلئے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کیخلاف سیریز پاکستان ویمن ٹیم کی پاکستان میں آخری سیریز ہوگی جبکہ چیمپئن شپ کیلئےآخری سیریز رواں سال مئی میں انگلینڈ کے دورے میں کھیلی جائے گی۔