ہرنائی: کوئلہ کان دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 12ہو گئی، 8 کو زندہ نکال لیا گیا
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کان میں پھنسے 20 میں سے 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ہرنائی کے علاقے زردآلو میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کان دھنسنے سے 20 کان کن پھنس گئے تھے، جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، ساتھ ہی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی تھیں۔
چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 12 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ کوئلہ کان سے 8 کان کنوں کو زندہ نکالا گیا ہے۔
چیف مائنز انسپکٹر کا کہنا ہےکہ کوئلہ کان کوآپریشن مکمل ہونےکےبعدسیل کردیاگیا ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کوئلہ کان میں قیمتی جانوں کےنقصان پردکھ کااظہار کرتے ہوئے کان کنوں کی ریسکیو کی کوششوں کوتیزکرنے کی ہدایت کی ہے۔