دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، صدر کا وزیرستان حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت
صدرمملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے چکلالہ گیریژن میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حوصلہ بھی دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے میرعلی حملے کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا ہمارے بہادربھائی، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، ہم دہشتگرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، پاکستان کے عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں، ہم ملکر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی میر علی میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے شہدا کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد بدر سمیت 7 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔