نو منتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا
لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نو منتخب ارکان سے حلف لے لیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں ہوا جس میں اسپیکر نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہو گی۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پولنگ کے لیے دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے، کوئی بھی امیدوار رائے شماری سے قبل تحریری طور پر کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے، اسپیکر کےلیے ایک امیدوار ہونے کی صورت میں پولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، اسپیکر منتخب ہونے کے بعد عہدہ سنبھالیں گے اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرائیں گے۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے جب کہ لیگی ارکان نواز شریف کی تصاویر لے کر ایوان پہنچے۔
مسلم لیگ (ن) کے 215 کے قریب اور سنی اتحاد کونسل کے 97 ارکان ایوان میں موجود ہیں، انہوں نے (ن) لیگ کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ لیگی ارکان نے بھی ان کے نعروں کا جواب دیا، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل اور (ن) لیگ کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے ہیں۔
ایوان میں آمد پر میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب میں مریم نواز نے کہا ہےکہ اللہ کرے پنجاب میں خدمت کا ایک نیا دور شروع ہو۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے حیدر گیلانی کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک محمد احمد خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کو رکن پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کو رکن پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف نے مشاورت سے کیا ہے۔
مریم اورنگزیب آج پنجاب اسمبلی کی رکن کے طورپر حلف اٹھائیں گی اور وہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کی معاونت کریں گے۔
ادھر مسلم لیگ ن نے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سوا سینئر پارٹی قیادت کو صوبائی اسمبلی کی نشستیں چھوڑنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق شہباز شریف قصور اور لاہور کی صوبائی نشستیں چھوڑ دیں گے جبکہ حمزہ شہباز لاہور کی صوبائی نشست چھوڑیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سردار غلام عباس چکوال کی صوبائی نشست چھوڑیں گے جبکہ رانا تنویر شیخوپورہ کی صوبائی نشست سے دستبردار ہوں گے۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نارووال کی صوبائی نشست چھوڑیں گے جبکہ سردار اویس لغاری ڈیرہ غازی خان کی صوبائی نشست چھوڑیں گے اور جام کمال لسبیلہ کی صوبائی نشست سے دستبردار ہوں گے۔