اسلام آباد سے (ن) لیگ کے 3 ایم این ایز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت سے کامیاب ہونے والے (ن) لیگ کے 3 ایم این ایز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن معطل کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کیے اور عدالت نے این اے 47 سے (ن) لیگ کے امیدوار طارق فضل چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
اس کے علاوہ عدالت نے حلقہ این اے 46 سے مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا، اس حلقے سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عامر مغل نے نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔
عدالت نے اسلام آباد کے حلقے این اے 48 سے (ن) لیگ کے راجہ خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا، اس حلقے سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار علی بخاری نے نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔