جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کیساتھ حکومت سازی میں تعاون سے انکار
پشاور: جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی میں تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔
ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کر سکتے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا پی ٹی آئی سےبات چیت دونوں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے متعلق تھی لیکن پی ٹی آئی نے وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کیا ہے اس لیے صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائنددگی نہیں رہی جس کی وجہ سے اب ان کے ساتھ حکومت بنانے کا کوئی جواز نہیں، جماعت اسلامی کےساتھ صرف کے پی میں حکومت سازی پر بات چیت چل رہی تھی۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت سازی کے لیے قانونی طریقہ کار کو دیکھاجا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کیلئے رابطوں کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کےاحترام میں اگرضرورت پڑی توجماعت اسلامی پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی۔