مناظرے کے چیلنج پر شہباز کا بلاول پر پلٹ کر وار ، موازنے کا چیلنج دے دیا
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مناظرے کے چیلنج پر صدر مسلم لیگ ن شہباز نے بلاول بھٹو زرداری پر پلٹ کر وار کرتے ہوئے انہیں موازنے کا چیلنج دے دیا۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مناظرہ بھی ہو جائے گا لیکن کل کی بارش سے لاہور اور کراچی کا موازنہ ہوگیا ہے، کراچی میں ٹھاٹھیں مارتا سمندر تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا، مائیں بہنیں گھٹنے گھٹنے پانی سے گزر رہی تھیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا الیکشن لڑنے کا ہر شخص کو حق حاصل ہے، بلاول کراچی، لاہور، میانوالی، کوئٹہ سے الیکشن لڑیں، ان کا حق ہے لیکن پیسے بانٹ کر شناختی کارڈ رکھنا ووٹ کی بدترین توہین ہے، اگر ووٹ خریدنے کی بات درست ہے تو یہ ووٹ کی عزت نہیں توہین ہے، اگلا الیکشن پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کرے گا، عوام ہماری کارکردگی دیکھ کر 8 فروری کو ووٹ دے گی۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف دور میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا، جب وزیراعظم بنا تو بدترین سیلاب آیا، 100 ارب روپے تقسیم کیے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مفت آٹا تقسیم کیا، ایک سال میں کرپشن انڈیکس 140 سے کم ہو کر 133 پر آگیا، کرپشن میں 7 درجہ کمی کا کریڈٹ 13 جماعتوں کو جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کو نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا چور کون ہے ؟ دودھ کا دوھ پانی کا پانی ہوگیا، ماضی میں کسی سیاستدان کا ایسا رویہ نہیں دیکھا جیسا بانی پی ٹی آئی کا تھا ، بانی پی ٹی آئی میں رعونت اور تکبر تھا۔