سپریم کورٹ نے اختر مینگل کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں اعتراض کنندہ کی جانب سے وکیل سلطان احمد عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ یاسر احمد نے اخترمینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کی، ریٹرننگ افسر نے اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے، الیکشن ٹربیونل نے آراو کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظورکیے لیکن ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا، اخترمینگل 8 فروری کے عام انتخابات میں امیدوار ہیں، عدالت اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کرتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ انتخابی معاملہ کے حقائق سے متعلق کیسز میں مداخلت سے گریزکرتی ہے۔
سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے سربراہ بی این پی اختر مینگل کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔