ایران سے کشیدگی، وزیراعظم آج وطن پہنچیں گے، قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانیکا امکان
ایران سے کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دورہ ڈیوس مختصر کر کے آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیراعظم کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے جس میں پاک ایران کشیدگی پر غور ہو گا۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی، نیول اور فضائیہ چیفس شریک ہوں گے، اجلاس میں ملکی امن و امان کی صورتحال سمیت انتخابات سے متعلق غور ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزارت دفاع اور خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک ایران تعلقات کے مستقبل پر بھی گفتگو ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف حالیہ آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے دور افتادہ علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں پر میزائل حملے کیے جس میں دو بچیاں شہید اور 3 زخمی ہو گئیں۔
پاکستان نے آج صبح ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے سیستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشتگردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔