جسٹس مظاہر کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجاز الاحسن بھی مستعفی
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجاز الاحسن نے استعفیٰ دے دیا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دیا ہے، استعفے کے متن کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نےکہا ہے بطور سپریم کورٹ جج مزیدکام جاری رکھنا نہیں چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 206 شق (1) کے تحت فوری طور پر مستعفی ہو رہا ہوں، بطور سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ جج کام کرنا میرے لیے باعث اعزاز تھا۔
جسٹس اعجازالاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی میں تیسرے سینئر ترین جج تھے، موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد رواں سال اکتوبر میں انہیں ملک کا آئندہ چیف جسٹس بننا تھا اور اگست 2025 میں ان کی ریٹائرمنٹ ہونا تھی۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر اثاثوں سے متعلق الزامات ہیں جب کہ ان کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے دو روز قبل سابق جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے اختلاف کیا تھا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے آج سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی اور وہ سپریم جوڈیشل کونسل سے الگ ہوگئے جس کے بعد جسٹس منصور کو کونسل میں شامل کرلیا گیا۔