پی ایچ ایف کا نیا صدر مقرر کرنے پر وزیراعظم کو نوٹس جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر مقرر کرنے پر وزیراعظم کو نوٹس جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے برطرف صدر خالد سجاد کھوکھر کی درخواست پرنوٹس جاری کیا جس میں درخواست گزار نے اپنی جگہ طارق منصوربگٹی کوپاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک صدر بنانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کو نوٹس بطور پاکستان ہاکی فیڈریشن پیٹرن انچیف جاری کیا ہے جس میں آئندہ ہفتے تک جواب طلب کیا گیا ہے۔
عدالت نے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق وزیراعظم نے 21 دسمبر 2023 کو طارق بگٹی کو ہاکی فیڈریشن کا صدر مقرر کیا، پٹیشنر 18 اگست 2022 کو 4 سال کی مدت کے لیے ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے، پٹیشنر کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی 4 سالہ مدت مکمل ہونے پر آئندہ الیکشن 2026 میں ہوں گے، پٹیشنر کے وکیل نے کہا ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن انچیف کے پاس صدر کو ہٹا کر کسی اور کو عہدہ دینے کا اختیار نہیں۔