درخواست مسترد ہونیکا خدشہ، پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ مؤخر
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ مؤخر کر دیا۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان سے بلے کا انتخابی نشان بھی واپس لے لیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن سے تاحال فیصلے کی مصدقہ کاپی نہیں ملی، پارٹی کو خدشہ ہے کہ مصدقہ کاپی نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کیس کب اور کہاں دائر کیا جائے اس حوالے سے حامد خان، بیرسٹر ظفر اور بیرسٹر گوہر علی کی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کا بھی امکان ہے۔