’انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے‘، پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان چھن گیا

پارٹی آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے  بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن  نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سنا دیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے جس کے بعد پی ٹی آئی بلے کے نشان کی اہل نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد بیرسٹر گوہرعلی چیئرمین پی ٹی آئی نہیں رہے۔

الیکشن کمیشن کا بلے کے انتخابی نشان سے متعلق تفیصلی فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو درخواست گزاروں نے چیلنج کیا تھا، الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے بھی انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے مبینہ نئے چیئرمین نے انٹراپارٹی الیکشن سے متعلق دستاویز جمع کروائیں، پی ٹی آئی پر عام اعتراضات  یہ تھے کہ پارٹی آئین کے تحت انتخابات نہیں بلکہ خفیہ طور پر کرائے گئے، کسی بھی ممبر کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی کے دفتر میں کاغذات نامزدگی نہ تھے، خواہاں شخص نے بلے کا انتخابی نشان لینے کے لیے ایسا کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے پی ٹی آئی کو سوالنامہ دیا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ وہ اپنے انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرائے۔

پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جن میں گوہر خان کو بلامقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی کہ پی ٹی آئی کے الیکشن اس کے آئین کے مطابق نہیں ہوئے۔

یہ کیس الیکشن کمیشن میں چلا اور پھر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فیصلے سے روکا لیکن پھر آج یعنی جمعے کے دن فیصلے کی ہدایت کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سنایا جس میں پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *