سلامتی کونسل میں غزہ جنگ سے متعلق قرار داد پر چوتھے روز بھی ووٹنگ نہ ہوسکی
نیویارک: سلامتی کونسل میں غزہ جنگ سے متعلق قرار داد پر چوتھے روز بھی ووٹنگ نہ ہوسکی۔
مسودے میں تبدیلی کرواکر امریکا قرار داد پر رضا مند ہوگیا جب کہ فلسطین اور روس کا اس حوالے سے اختلاف سامنے آیا ہے۔
ادھر امریکی میڈیا نے الشفا اسپتال میں حماس کی موجودگی کا اسرائیلی دعویٰ مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ اسرائیل حماس کی جانب سے اسپتالوں کو استعمال کرنے کے شواہد دینے میں ناکام رہا۔
اسرائیلی جنگ سے حماس کا اثر و رسوخ مزید بڑھ گیا ہے: امریکی ایجنسی
امریکی خفیہ ایجنسیوں نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی جنگ سے حماس کا اثر و رسوخ مزید بڑھ گیا ہے، حماس نے خود کو مسلم دنیا میں فلسطینی کاز کے محافظ کے طور پر کھڑا کر لیا ہے۔
اسی حوالے سے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات یہودی ریاست کی حمایت کوبھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بار پھر واضح کیا ہےکہ اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی رکنے تک قیدیوں کے تبادلے پر کوئی بات نہیں کریں گے اور ہم کسی بھی ایسے اقدام کے لیے تیار ہیں جو ہمارے لوگوں پر جارحیت کو ختم کرنے میں معاون ہو۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 21 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔