کرکٹ آسٹریلیا نے 4 سالہ ملٹی کلچرل ایکشن پلان کی رونمائی کردی
کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی ایشین کمیونیٹیز کیلئے کرکٹ کے میدان میں مزید مواقع پیدا کرنے کیلئے اپنا 4 سالہ ملٹی کلچرل پروگرام جاری کردیا۔
پلان کے مطابق جنوبی ایشین کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے 70 ہزار کھلاڑی آسٹریلین کرکٹ اسٹرکچر کا حصہ ہیں، جن کی تعداد کو بڑھا کر ایک لاکھ تک لے جانا ہے۔
تحقیق کے مطابق آسٹریلین کرکٹ کے پاتھ ویز گروپ پروگرام میں جنوبی ایشین کھلاڑیوں کی تعداد 18فیصد تک ہے۔
ایلیٹ سطح پر ( فرسٹ کلاس، اسٹیٹ کرکٹ، بگ بیش اور ویمنز بی بی ایل کی ٹیموں میں) جنوبی ایشین پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد 4.2 فیصد ہے۔
اسی طرح 1 لاکھ ساؤتھ ایشین آسٹریلین کرکٹ کے میچز دیکھنے اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا اپنے ملٹی کلچرل ایکشن پلان کے ذریعے اس تعداد کو 2 لاکھ تک لے جانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
پلان کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا پہلی مرتبہ اپنا ملٹی کلچر ایمبیسیڈر پروگرام بھی لانچ کرے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ جنوبی ایشین کوچ، امپائر، کلبوں میں رضاکار، میڈیا اور مینٹورز کو بھی آسٹریلین کرکٹ اسٹرکچر میں لانے کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔