عالمی برادری کشمیریوں کےحقوق کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے: نگران وزیر اعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کےعالمی منشور کی حمایت، پاسداری جاری رکھےگا، پاکستان نے ملکی،بین الاقوامی سطح پرانسانی حقوق کےتحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کیے، پاکستان بلاتفریق مذہب، رنگ و نسل انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کوشاں رہےگا۔
ان کا کہنا تھا بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، 5 اگست2019کے غیر قانونی بھارتی اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کےحقوق کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا غزہ میں نہتےفلسطینیوں پراسرائیلی مظالم باعث تشویش ہیں، غزہ میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سب کے سامنے ہے، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شہید ہو چکے، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کیلئے فوری کوششیں کرے۔