بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر کر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا
آسٹریلیا آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ورلڈکپ 2023 کا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کر وا دیا۔
اتوار کو ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا نے بھارت کو 241 رنز کا ہدف ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 43 اوورز میں پورا کیا، ہدف کے تعاقب میں ہیڈ نے مشکل وقت میں سنچری اور لبوشین نے ففٹی کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے میں اہم کر دار ادا کیا۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین نے 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے چھٹی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، کینگروز نے 1987، 1999، 2003، 2007، 2015 اور اب 2023 میں ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی ہے۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، فائنل دیکھنے اسٹیڈیم میں بھارتی مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل تھے۔
بھارت کی اننگز
آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر شبمن گل تو 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن کپتان روہت شرما نے پورے ٹورنامنٹ کی طرح فائنل میں بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر وہ 31 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بولرز پورے میچ میں بھارتی بیٹرز پر حاوی رہے اور انہیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے سنگل ڈبلز کرکے لمبی شراکت داری بنانے کی کوشش کی لیکن پھر کوہلی بھی 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ راہول بھی 66 رنز پر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو 18، رویندرا جڈیجا 9،محمد شامی نے6 رنز بنائے، شریاس آئیر نے4 رنز اسکور کیے۔جسپریت بمرا نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 10 اور محمد سراج نے 9 رنز بنائے۔
یوں بھارتی ٹیم مقررہ اوورزمیں 240 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زیمپا اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
آسٹریلیا کی اننگز
بھارت کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 47 کے مجموعی اسکور پر 3 آسٹریلوی بیٹر بھارتی بولر کا شکار بنے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور اسٹیو اسمتھ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
3 وکٹیں گرنے کے بعد لبوشین اور ٹریوس ہیڈ نے شاندار شراکت داری بنائی اور احمد آباد کے میدان میں بیٹھے ایک لاکھ سے زائد بھارتی شائقین کو خاموش کر ادیا۔ دونوں بیٹرز نے تحمل کے ساتھ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس بھی لگائے۔
لبوشین اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان رنز کی میچ وننگ شراکت داری قائم ہوئی جس نے بھارت کے ورلڈکپ جیتنے کے خواب چکنا چور کر دیے۔
ٹریوس ہیڈ نے جبکہ لبوشین نے رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔
واضح رہے کہ فائنل سے پہلے بھارت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، گروپ اسٹیج کے 9 میچز اور پھر سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔
انعامی رقم
موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔
فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔