چیئرمین پی ٹی آئی صدر سے مایوس ہیں: علیمہ خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے مایوس ہیں کیونکہ وہ آئینی کردار نہیں نبھا سکے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کا وزن کم ہو گیا ہے لیکن ان کے جذبے بلند ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ورزش اور واک کے لیے جگہ نہیں ہے جس کے لیے پٹیشن دائر کردی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں طویل قید کی تیاری ہو رہی ہے، عمران خان کا کہنا ہے کہ ان سے بات کرنے کوئی نہیں آیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی صدر پر مایوس ہیں کہ وہ آئینی کردار نبھا نہیں سکے، صدر نے 90 دن میں الیکشن کروانے تھے لیکن انہوں نے اپنا اختیار استعمال نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان کا کہنا تھا جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں لیکن ہم سازش کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔