ویرات کوہلی اچانک ورلڈکپ اسکواڈ چھوڑ کر ممبئی چلے گئے
بھارت کے سپر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نیدر لینڈز کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ سے قبل اسکواڈ چھوڑ کر ممبئی روانہ ہوگئے۔
بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ کیلئے بھارتی شہر تھیرووننتھاپورم میں موجود ہیں تاہم ویرات کوہلی کو ذاتی وجوہات کی بنا پر اسکواڈ چھوڑ کر ممبئی کیلئے روانہ ہونا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی نے ٹیم انتظامیہ سے گواہٹی سے ممبئی کیلئے روانہ ہونے کی درخواست کی تھی، مینجمنٹ کی اجازت سے کوہلی ممبئی کیلئے روانہ ہوگئے تاہم بتایا جارہا ہے کہ کوہلی کی آج اسکواڈ میں واپسی متوقع ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق کوہلی کی اسکواڈ چھوڑنے کی تصدیق بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہونے جیسی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم اب تک جوڑے کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہ آسکی ہے۔