بھارت اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں دشمن نہیں حریف نظر آتے ہیں: ذکا اشرف

لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے قومی ٹیم کے بھارت میں والہانہ استقبال پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں دونوں دشمن نہیں روایتی حریف کے طور پر نظر آتے ہیں۔

ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈکپ کے موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت آمد پر اس کا جو زبردست استقبال ہوا ہے وہ اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کتنی زیادہ محبت کرتے ہیں جس کی ایک جھلک حیدرآباد دکن ائیرپورٹ پر نظر آئی ہے جس پر وہ ذاتی طور پر بھارت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی بھارت اور پاکستان کرکٹ کے میدان میں اترتے ہیں یہ دونوں کرکٹ کے روایتی حریف کے طور پر ہی نظر آتے ہیں دشمن کے طور پر نہیں۔

انہوں نے کہا انہیں امید ہے کہ پورے ورلڈکپ کے دوران پاکستانی کرکٹرز کو اسی طرح پذیرائی ملے گی اور بھارتی شائقین کو پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے بہترین کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم جب بھی بھارت گئی ہے وہاں کے لوگوں نے اس کا والہانہ استقبال کیا ہے، اسی طرح بھارت کی ٹیم جب بھی پاکستان آئی ہے اسے یہاں ہمیشہ پذیرائی ملی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور دوستی کے پل کا کردار ادا کیا ہے، دونوں ملکوں کے کرکٹرز ایک دوسرے کے یہاں ہمیشہ مقبول اور پسندیدہ رہے ہیں۔

ذکا اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ ہمیشہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کو ایشیز سے بھی بڑھ کر سمجھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا وہ اس بات کے خواہشمند ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط بحال ہوں تاکہ دونوں ملکوں کے کروڑوں کرکٹ شائقین کو ان کرکٹرز کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *