پاکستان میں کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر و رسوخ ہو گا: وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کسی کو پاکستانی معاشرے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان کے اندر کسی اور ملک کی ایجنسی نہیں صرف ملکی اداروں کا اثر و روسوخ ہوگا
دورہ گلگت کے دوران ادارہ امراض قلب میں اوپی ڈی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا گلگت بلتستان کے تمام مسائل آئینی طریقے سے حل کیے جائیں گے، اگر کسی قسم کے اختلافات یا دوریاں ہیں تو انہیں ذہانت اور عقل کے ذریعے دور کیا جائے گا، آئینی سوالات کے جواب ڈھونڈ رہے ہیں اور ان کے جواب جلد عوام تک پہنچائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا گلگت بلتستان میں کسی غیر ملکی ایجنسی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، کسی اور سے کوئی امید یا خوشی فہمی ہے تو وہ دور کر لیں۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور رنگینی ناصرف پاکستانی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے بلکہ یورپ اور ایشیا کے لوگوں کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کسی بھی نشست کے لیے بولی نہیں لگے گی، ہم بولیاں لگانے نہیں بولیوں کا گلا گھوٹنے آئے ہیں۔