بجلی بلوں کے معاملے پر مالیاتی اداروں سے وعدوں پرعملدرآمد کرینگے: وزیراعظم
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہےکہ بجلی کے معاملے پر آئی پی پیز کے ساتھ غیر منصفانہ بجلی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔
اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی بلوں کے معاملے پر مالیاتی اداروں سے وعدوں پرعملدرآمد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ غیر منصفانہ بجلی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے اورکچھ رعایتیں لینے کی کوشش کررہے ہیں جس کی تفصیل ابھی نہیں بتاسکتے۔
وزارت خزانہ نے بجلی بلوں میں ریلیف کا نیا پلان آئی ایم ایف کو بھیج دیا
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے جذبات مجروح کیے بغیر مسئلے کا قلیل مدتی حل تلاش کریں گے، عوام کو مطمئن کرنے کیلئے حقائق پر مبنی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام شعبوں کے لیے بجٹ مختص کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے معاشی اور مالی معاملات چلا رہےہیں، آئینی طور پر حکومتی نظام میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے صرف مختصر مدتی اصلاحات کرسکتے ہیں جن کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرےگی۔