بھارت: تامل ناڈو میں ٹرین میں آگ لگنے سے 10 مسافر ہلاک
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ٹرین میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریاست تامل ناڈو کے مدورائی ریلوے اسٹیشن پر ہفتے کے روز پیش آیا جہاں ٹرین کے اسٹیشنری کمپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 10 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق ٹرین کی پرائیوٹ کوچ میں سوار مسافر کی جانب سے چائے بنانے کے لیے گیس سلنڈر کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے کوچ میں آگ لگ گئی اور زور دار دھماکا ہوا۔
تامل ناڈو کے وزیر برائے کمرشل ٹیکس نے بتایا کہ حادثہ صبح سوا 5 بجے کے قریب پیش آیا جس کے بعد فائر فائٹرز 7 بجے ریلوے اسٹیشن پہنچے اور آگ پر قابو پایا جب کہ حادثے کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر کمرشل ٹیکس کے مطابق ٹرین میں سوار مسافروں کا تعلق ریاست اترپردیش سے تھا اوریہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے جارہے تھے تاہم حادثے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔
مقامی حکام کا بتانا ہےکہ مسافروں نے حفاظتی اقدامات کے تحت کوچ کو اندر سے لاک کررکھا تھا، دوران سفر چائے بنانے کے دوران دھماکا ہوا جس سے کوچ میں آگ لگ گئی۔
حکام کے مطابق کوچ میں 63 مسافر سوار تھے جب کہ مرنے والوں میں 6 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں اور حادثے میں 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔