نگران وفاقی کابینہ کا اعلان آج متوقع، ڈاکٹر عمر سیف کو وزیر آئی ٹی تعینات کیے جانیکا امکان
عالمی ایوارڈ یافتہ آئی ٹی ماہر ڈاکٹر عمر سیف کو نگران وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے کابینہ کی تشکیل آخری مراحل میں ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ نگران کابینہ کا اعلان آج کر دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق سینئر صحافی مرتضیٰ سولنگی کو وفاقی وزیر اطلاعات بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ آئی ٹی ماہر ڈاکٹر عمر سیف کو نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف بطور چیئرمین پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خدمات انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ ڈاکٹر عمر سیف بطور وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر عمر سیف کو 2014 میں آئی ٹی کے شعبے میں خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا جا چکا ہے اور ڈاکٹر عمر سیف ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعدد عالمی ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران کابینہ میں وزارت خارجہ کی ذمہ داری سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کو سونپے جانے کا امکان ہے، وہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نگران وزیر خزانہ کے لیے گزشتہ روز سلطان علی الانہ کا نام فائنل کیا گیا تھا تاہم ان کی دوہری شہریت کی وجہ سے اب سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کو نگران وزیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سرفراز بگٹی کو وزیر داخلہ بنایا جا سکتا ہے جبکہ تابش گوہر کو وزارت توانائی دیے جانے کا امکان ہے۔ صنعت کار ڈاکٹر گوہر اعجاز کو نگران وزارت تجارت و صنعت و پیداوار اور انیق احمد کو وزارت مذہبی امور کا قلمدان دیا جا سکتا ہے۔