عام صارفین کے لیے پیسوں کی ادائیگی کے بغیر اب ٹوئٹ ڈیک کا استعمال ناممکن
سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) نے ٹوئٹ ڈیک تک عام صارفین کی رسائی ختم کر دی ہے۔
ٹوئٹ ڈیک جسے اب ایکس پرو کا نام دیا گیا ہے، تک رسائی ایکس بلیو (ٹوئٹر بلیو کا نیا نام) کے صارفین کے لیے ہی ممکن ہے۔
اب عام صارفین جب ایکس پرو اوپن کریں گے تو انہیں ایکس کے ہوم پیج پر بھیج دیا جائے گا جہاں پیڈ سبسکرپشن سائن اپ پیج ان کے سامنے ہوگا۔
خیال رہے کہ ایکس کی جانب سے جولائی میں اعلان کیا گیا تھا کہ اگست سے ایکس پرو تک رسائی صرف ویریفائیڈ اکاؤنٹس کو ہی حاصل ہوگی۔
15 اگست کی شب سے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔
کمپنی کو منافع بخش بنانے کے لیے ایلون مسک نے ہزاروں ملازمین کو نکال دیا جبکہ بلیو ٹک سمیت متعدد فیچرز کو ماہانہ سبسکرپشن سے مشروط کر دیا۔
ٹوئٹ ڈیک کو اس کمپنی نے2011 میں 4 کروڑ ڈالرز کے عوض خریدا تھا جو ٹوئٹر کے مقابلے میں کافی مختلف سروس ہے۔
ٹوئٹ ڈیک میں میسجز کالمز میں نظر آتے ہیں اور صارف اپنی پسند کے مطابق مواد کے کالمز سیٹ کر سکتا ہے۔
ٹوئٹر صارفین تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے کتنے پیسے ادا کرتے ہیں؟
ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک حاصل کرنے کے لیے آٹھ ڈالر ماہانہ جب کہ آرگنائزیشنز کو ایک ہزار ڈالر ماہانہ ادا کرنے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ زیادہ تر ٹوئٹ ڈیک کا استعمال نیوز آرگنائزیشنز اور کاروباری اداروں میں مواد کی جانچ کے لیے ہوتا ہے۔